غیر قانونی اشتہارات لگانے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کی عملہ صفائی سے ملاقات ، کوڑا دانوں کو بروقت خالی کرنے کی تلقین
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے گڈگورننس انیشیٹیوز کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ستھرا پنجاب پروگرام، خوبصورت گوجرانوالہ مہم اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اقدامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈی سی روڈ، شمسی چوک، جی ٹی روڈ اور سروس روڈ پر صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی عملے سے ملاقات کی اور کرسمس کی چھٹیوں کے دوران شہر کو صاف رکھنے کیلئے دلجمعی سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کوڑا دانوں کو بروقت خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ کوڑا کرکٹ سڑکوں پر پھینکنے سے گریز کریں۔ جی ڈبلیو ایم سی حکام اور کنٹریکٹرز کو نئے قوانین کے تحت جرمانوں اور قانونی کارروائی سے متعلق آگاہی دینے کی ہدایت کی گئی جبکہ تاجر برادری کو شہر کی صفائی میں بھرپور تعاون کی تلقین کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے دوبارہ غیر قانونی اشتہارات لگانے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے گوندلانوالہ پھاٹک کے قریب موٹر سائیکل پل کا معائنہ کیا اور ریلوے لائن کے اطراف صفائی اور پل کی ضروری مرمت کے احکامات جاری کیے۔