شرح پیدائش ، اموات, طلاق میں خطرناک حد تک اضافہ

شرح پیدائش ، اموات, طلاق میں خطرناک حد تک اضافہ

38 لاکھ آ بادی کے ضلع سیالکوٹ میں 11 ماہ کے دوران 78 ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش ، 15510کا انتقال ، 5272 خواتین نے طلاق لے لی

سیالکوٹ (عمر فاروق)ضلع سیالکوٹ میں شرح پیدائش ،اموات اور طلاق میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ،روزنامہ دنیا کو حاصل سرکاری دستاویزات کے مطابق 38 لاکھ 40 ہزار آبادی پر مشتمل ضلع سیالکوٹ میں جنوری 2025 سے نومبر 2025 تک 78ہزار 20 بچے پیدا ہوئے جن میں 41359 بیٹے اور 36661 بیٹیاں شامل ہیں اور آبادی میں اضافہ کا تناسب 4.8 فیصد رہا۔ دستاویزات کے مطابق ضلع بھر میں ماہ جنوری میں 4ہزار 225 بیٹے اور 3 ہزار 636 لڑکیوں کی پیدائش ہوئی جو سال میں سب سے زیادہ ہے اور سب سے کم بچے نومبر میں پیدا ہوئے جس میں 3 ہزار 511بیٹے اور 3 ہزار 169بیٹیاں شامل ہیں ۔

سال 2025 کے دوران 15657 نوجوانوں کے والدین نے بیٹوں کے سر پر سہرے سجائے ،نئی دلہنوں کے گھر آباد ہوئے ،فروری میں سب سے زیادہ 2040 خواتین پیا گھر سدھار گئیں جبکہ اکتوبر میں صرف 910 شادی کی تقربیات ہوئیں۔ صاف پانی کی عدم فراہمی ،صحت کی سہولیات کا فقدان اور مہنگے علاج او ر ادویات کے باعث 15510 خواتین اور مرد دنیا سے کوچ کر گئے ۔ اپریل میں 1519 اموات کیساتھ گراف اوپر جبکہ ستمبر میں 1281 شہری وفات پا گئے ۔ سرکاری چار ٹ کے مطابق نشئی، نکھٹو، بیروزگاری کے الزامات عائد کرکے 5ہزار 272 خواتین نے طلاق حاصل کرلی ۔ ماہ جولائی میں 528 خواتین نے طلاق حاصل کی جو سال میں سب سے زیادہ رہی، ماہ اکتوبر میں سب سے کم 446 رہی ۔شادیوں کے تناسب کے لحاظ سے شرح طلاق 29.70 فیصد رہی۔ ماہرین کے مطابق ضلع بھر میں شرح پیدائش ،اموات اور طلاق میں خطرناک حد تک اضافہ تشویشناک ہے ،صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے آگاہی تشہیری مہم میں چلانا ناگزیرہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں