بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے خصوصی اجلاس
ارکان اسمبلی ، عوامی نمائندوں اور متعلقہ افسروں کی شرکت ، امور پر تبادلہ خیال
گوجرانوالہ( سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی زیرِ صدارت نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبرانِ قومی و صوبائی اسمبلی بذریعہ ویڈیو لنک سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر اور اجلاس میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی (شاہد عثمان ابراہیم، عمران خالد بٹ، عمر فاروق ڈار، معظم روؤف مغل، چودھری اقبال گجر، سابق چیئر مین ضلع کونسل مظہر قیوم ناہرہ، سابق ایم پی اے پیر غلام فرید، امان اللہ وڑائچ سمیت دیگر متعلقہ افسر وں اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حلقہ بندیوں، نئی لوکل باڈیز کی تشکیل اور انتخابی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سید نجم زوالقرنین نے شرکا کو نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت بلدیاتی نظام، حلقہ بندیوں کے طریقہ کار اور انتخابی مراحل سے متعلق جامع بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ شفاف، منصفانہ اور بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ جمہوری عمل کو مضبوط بنایا جاسکے اور عوامی خدمات کی بہتری کیلئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جاسکیں۔