پپناکھہ کا تفریحی پارک انتظامیہ کی عدم توجہ سے اجڑ گیا
جھولوں کا آہنی سامان چور لے گئے ، بینچ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، چوکیدار بھی غائب
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ،نمائندہ خصوصی )کروڑوں روپے سے 4 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا گیا پپناکھہ کا تفر یحی پارک انتظامیہ کی عدم توجہی اور غفلت کے باعث اجڑ گیاپارک میں نصب جھولوں کا آہنی سامان چور لے گئے بینچ ٹوٹ پھوٹ کا شکار چوکیدار غائب ہو گیا ۔بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے 2015 میں ایم پی اے اشرف وڑائچ نے اپنے آبائی گاؤں پپناکھہ کے لوگوں کو تفر یحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کروروں روپے کی گرانٹ سے 4 ایکڑ پر پارک بنوایا تاہم مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے پارک کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا، پارک میں نصب بچوں کے جھولوں کا آہنی سامان چوری ہو گیا اور بینچ ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں، واکنگ ٹریک سے لوگ ٹف ٹائل چوری کر کے لے گئے ہیں اور اب اہل دیہہ نے پارک کو مویشیوں کی چراہ گاہ اور باڑے میں تبدیل کر دیا ہے۔ اہل دیہہ نے روزنامہ دنیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرو ڑوں روپے کی لاگت سے پارک کا منصوبہ عوامی فلاح کے لئے بنایا گیا تھا لیکن سرکاری غفلت کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے اپیل کی کہ اپ گریڈیشن کر کے پارک کو اہل دیہہ کی تفریح کے لئے بحال کیا جائے ۔