ن لیگ نے ہمیشہ عوام کی فلاح کے منصوبے دئیے : بلال تارڑ
معاشی بہتری کیساتھ ساتھ بھارت کو جنگ میں شکست دیکر صلاحیتوں کا لوہا منوایا
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مسلم لیگی حکومت عوامی حقوق کی ترجمان ہے ،سال 2025میں وفاقی و صوبائی حکومت نے ملکی معیشت کیلئے بے شمار خدمات سرانجام دیں جس سے پاکستان کی معیشت سٹاک مارکیٹ سمیت دیگر امور میں بہتری آئی جبکہ پاکستان نے دفاعی لحاظ میں بھی بھارت کو شکست دے کر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ان خیالات کا اظہار ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے دھونکل موڑ پر دھونکل موڑ سے یونین کونسل آفس دھونکل تک سڑک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ لیگی حکومت کا طرہ امتیاز رہا ہے کہ جب بھی زمام اقتدار سنبھالا تو عوامی فلاح کے منصوبے اور سڑکوں کے جال بچھائے ۔ایم پی اے وقار احمد چیمہ نے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں ہماری حکومت نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے بلکہ گورننس میں بھی آج پنجاب دوسرے صوبوں سے ممتاز ہے ۔سلمان نوازش جوندہ نے کہا کہ سڑک کی تعمیر علاقہ مکینوں کا دیرینہ مسئلہ تھا جسے حل کر انے پر مقامی قائدین بلال فاروق تارڑ اور ایم پی اے وقار چیمہ کے مشکور ہیں ۔