سیالکوٹ : شمس پورہ میں میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
سیوریج کا 70 سال دیرینہ مسئلہ حل ،مکینوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا:منشا اللہ بٹ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت منشا اﷲ بٹ نے شمس پورہ میں میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا، منصوبے کی تکمیل سے محلہ میں سیوریج کا 70 سال دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا اور علاقہ کے مکینوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔ منشا اﷲ بٹ نے کہا کہ شمس پورہ محلہ مین روڈ سے 50 فٹ گہرائی میں ہونے کی وجہ سے نکاسی آب کا نظام ابتر صورتحال اختیار کر چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے نکاسی آب کیلئے ڈسپوزل سٹیشن کی تعمیر کا آغاز کردیا ہے جس میں 5 کیوسک کی موٹر لگائی جائے گی اور ویسٹ واٹر کو مین ٹرنک سیور سے جوڑ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شمس پورہ محلہ میں سیور لائنز اور نالوں کی تعمیر کی جائے گی اور گلیوں کی پی سی سی ہوگی جبکہ ڈسپوزل اسٹیشن پر گرین انرجی سورس سولر پلانٹ نصب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محلہ شمس پورہ میں میگا پراجیکٹ پر 4 کروڑ روپے خرچ ہونگے جس سے شمس پورہ کے ہزاروں مکین مستفید ہونگے اور علاقہ میں صفائی ستھرائی اور سینی ٹیشن کے مسائل حل ہو جائیں گے ۔ ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ رانا ابرار حسین، ایس ڈی او جہانگیر بٹ، جنرل سیکرٹری پی پی 47 سمیع خالق، چاچا اسلم، سابق ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبد الحمید قاسم،صادق وسیم ، محمد امین، محمد نذیر ، عمر ایوب اور ڈاکٹر مختار کے علاوہ معززین علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے ۔