نئے پاسپورٹ دفتر کا قیام اعلانات تک محدود، واحد مرکز میں رش، ایجنٹوں کی چاندی
گوجرانوالہ شہر ، 2 تحصیلوں اور ضلع وزیر آ باد کے رہائشیوں کیلئے صرف ایک دفتر ،روزانہ سینکڑوں افرادلمبی قطاروں میں لگنے پر مجبور ،ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس میں بھی شہریوں کا رش
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گزشتہ سال2025میں بھی گوجرانوالہ کے 55 لاکھ سے زائد مکینوں کیلئے نئے پاسپورٹ آفس کا قیام عمل نہ لایا جاسکا، ضلع کے واحد پاسپورٹ آفس میں دوپہر12 بجے تک شہریوں کو ٹوکن کا اجرا کیا جاتا ہے جبکہ روزانہ سینکڑوں مرد وخواتین لمبی قطاروں میں کھڑا ہوکر پاسپورٹ بنوانے پرمجبور ہیں اور ایجنٹ مافیا کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں جبکہ نادرا کے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس میں بھی شہریوں کا رش لگا رہتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع گوجرانوالہ کی ساڑھے 55 لاکھ سے زائد آبادی ہے اور تحصیلوں گوجرانوالہ ،کامونکے ،نوشہرہ ورکاں کے علاوہ وزیر آبادکو ضلع کا درجہ دیا گیا جہاں کے شہری دور دراز دیہات سے پاسپورٹ کے اجرا ،تجدید کیلئے اکلوتے پاسپورٹ آفس آتے ہیں ، جہاں درخواستوں پر اعتراضات لگائے جاتے جس کے باعث ایجنٹ مافیا کی چاندی رہی ،سابق حکومت نے مزید نئے پاسپورٹ دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا تھا مگر نئی حکومت کے قیام پر منصوبہ اعلانات تک محدود رہا اور2025میں بھی گزر گیا مگر واحد پاسپورٹ دفتر میں ہزاروں شہری روزانہ ایجنٹ مافیا کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں ۔