غیر قانونی ہائوسنگ سو سائٹیوں کی بھرمار ، شہر لٹنے لگے

غیر قانونی ہائوسنگ سو سائٹیوں کی بھرمار ، شہر لٹنے لگے

کوٹ شیرا ،مدوخلیل ،مغل چک ہردوپور، دھاڑیوال میں زرعی رقبہ پر پلاٹنگ ضلعی انتظامیہ ، جی ڈی اے خاموش، شہریوں کی جانب سے کارروا ئی کا مطالبہ

لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )کوٹ شیرا ،مدوخلیل ،مغل چک ہردوپور، دھاڑیوال کے علاقوں میں غیر قانونی ہا ئوسنگ سوسائٹیوں کی بھر مار نے ضلعی انتظامیہ ، جی ڈی اے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ،دو سے چار ایکڑ زرعی رقبے پر نام نہاد سوسائٹیوں کی پلا ٹنگ معمول بن گئی ، سادہ لوح شہریوں کو سہولیات کا جھانسہ دے کر مہنگے داموں پلاٹ فروخت کئے جا رہے ہیں ۔بتایا گیا ہے کہ مدوخلیل، کوٹ شیرا، اعوان چوک، دھاڑیوال ،ہردوپور اور مغل چک مین ہائوسنگ سوسائٹی مالکان بغیر این او سی اور نقشہ منظوری زرعی اراضی کو رہائشی پلاٹس میں تبدیل کر رہے ہیں جہاں سیوریج ، پینے کا صاف پانی اور بجلی و گیس جیسی بنیادی سہولیات کا کو ئی انتظام نہیں تاہم مالکان لوگوں کو سبز باغ دکھا کر پلاٹس خریدنے کا جھانسہ دے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ہا ئو سنگ سوسائٹی مالکان متعلقہ اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی ہا ئوسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹوں کی خریدو فروخت اور رجسٹریوں پر پابند ی لگائی جائے اور مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ، جی ڈی اے سے منظور شدہ ہا ئوسنگ سوسائٹیوں کی فہرست متعلقہ پٹوار خانوں میں آویزاں کی جائے تاکہ لوگ دھوکہ دہی سے بچ سکیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں