سمبڑیال:بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ سے مشکلات
سمبڑیال (سٹی رپورٹر)شہر اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ نے صارفین کے روزمرہ معمولات کو بری طرح متاثر کر دیا ۔
مختلف علاقوں میں طویل دورانیے تک بجلی بند رہنے کے باعث گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ اچانک بجلی کی آمد و رفت سے الیکٹرانک آلات کو نقصان پہنچنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ بجلی کی بندش کے باعث مزدور طبقہ بروقت کام نہ ملنے اور گھریلو اخراجات پورے کرنے میں دشواری کا سامنا کر رہا ہے جس سے ان کے گھروں میں معاشی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب تاجر برادری کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کے باعث دکانیں اور کارخانے متاثر ہو رہے ہیں، فریزرز، کمپیوٹر سسٹمز اور دیگر مشینری بند ہونے سے کاروباری سرگرمیاں سست روی کا شکار ہو چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے ۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے۔، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور وولٹیج کے اتار چڑھاؤ پر قابو پا کر شہریوں کو مزید مالی نقصان سے بچایا جائے ۔