گجرات کی تمام رجسٹری برانچوں کے عملے کے تقررو تبادلے
جونیئر کلرکس، ڈیٹا انٹری آپریٹرز اور دیگر ملازمین کو انتظامی بنیادوں تبدیل کر دیا گیا
لالہ موسیٰ (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے ضلع بھر کی تمام رجسٹری برانچوں کے عملے میں فوری اور بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی ہیں۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق مختلف تحصیلوں میں تعینات جونیئر کلرکس، ڈیٹا انٹری آپریٹرز اور دیگر ملازمین کو انتظامی بنیادوں پر ایک برانچ سے دوسری برانچ میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ بعض ملازمین کو سب رجسٹرار دفاتر سے ڈپٹی کمشنر آفس، اے ڈی سی (ریونیو)، این ٹی او آفس، جنرل برانچ، پی ایس برانچ اور دیگر اہم شعبہ جات میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ کچھ اہلکاروں کو گجرات سے کھاریاں اور سرائے عالمگیر منتقل کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے گزشتہ روز تحصیلدار و سب رجسٹرار گجرات عامر عدنان گوندل کا تبادلہ بھی کر دیا تھا جس کے بعد رجسٹری برانچوں میں عملے کی اس بڑے پیمانے پر تبدیلی کو اہم انتظامی اقدام قرار دیا جا رہا ہے ۔