حکومت جماعتی بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرے :ڈاکٹر طارق
بلدیاتی ایکٹ کا موجودہ قانون عوام کے حق نمائندگی پر کھلا ڈاکہ ہے :صحافیوں سے گفتگو
گجرات(سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے گزشتہ شب بلدیاتی ایکٹ کالے قانون کے خلاف ہونیوالے عوامی ریفرنڈم کے حوالے سے اسلامک سنٹرگجرات کا دورہ کیا ۔صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے بلدیاتی ایکٹ کا موجودہ قانون عوام کے حق نمائندگی پر کھلا ڈاکہ ہے ،یہ قانون مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے بجائے انہیں مکمل طور پر مفلوج کرنے کی سازش ہے ۔ جماعت اسلامی اس عوام دشمن قانون کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور جب تک حکومت اس متنازعہ قانون کو سب کے لیے قابل قبول نہیں بناتی اور اس میں ضروری ترامیم نہیں کرتی، ہماری جدوجہد جاری رہے گی ، حکومت پنجاب آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیاتی نظام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنائے ، جماعتی بنیادوں پر شفاف انتخابات کا اعلان کرے ۔