کامونکے: تنخواہیں نہ ملنے پر عملہ صفائی کی ہڑتال
ایمن آ باد ٹائون میں تعینات 50 سینٹری ورکرز نے کام بندکر دیا ،کوڑا کرکٹ جمع ، 2 ماہ سے گھروں میں فاقے چل رہے :ملازمین ، شہریوں کا صورتحال پر اظہار تشویش
کامونکے (نامہ نگار )تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ایمن آباد ٹاؤن میں تعینات گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینٹری ورکروں نے کام چھوڑ ہڑتا ل کردی۔ایمن ٹاؤن میں صفائی کے فرائض انجا م دینے والے جی ڈبلیو ایم سی کے 50 کے قریب سینٹری ورکرز نے گزشتہ روز کام چھوڑ ہڑتال کردی اور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محکمہ کی جانب سے اُنہیں پچھلے دو ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے اُنکے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ گئی۔مظاہرین کا مزید کہنا ہے کہ جب تک اُنہیں تنخواہیں نہیں ملتیں وہ کام نہیں کریں گے ۔کام چھوڑ ہڑتال کے باعث گلی محلوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس سے موذی بیماریوں نے سر اٹھانا شروع کردیا ہے ،دوسری جانب شہریوں نے صفائی نہ ہونے اور شہر میں کوڑا کرکٹ جمع ہونے کے با عث تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ صفائی عملہ کو بر وقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنا ئی جائے تاکہ علاقے میں صفائی کا کام متاثر نہ ہو اور صاف ستھرا پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے ۔