سیالکوٹ:نئے کرنسی نوٹ دوگنی سے زائد قیمت پر فروخت
سیالکوٹ ( نمائندہ دنیا)مارکیٹ میں نئے کرنسی نوٹوں کی بلیک میں فروخت جاری۔ 10 ،20 روپے کے نئے کرنسی نوٹ ڈبل ریٹ پر بکنے لگے۔۔۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں سے صارفین کو چھوٹی عید کے علاوہ نئے کرنسی نوٹ نہیں مل رہے جس کی وجہ سے ڈیلروں کی موجیں لگ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ اور گردونواح میں نئے کرنسی نوٹوں کی بلیک میں فروخت کا سلسلہ جاری ہے ۔ مارکیٹ میں 10روپے کے نئے کرنسی نوٹ کی کاپی 2150 روپے ، 20 روپے والی کاپی 3100 روپے ، 50روپے والی کاپی 6500 روپے ، 100روپے والی کاپی 12 ہزار روپے ، 500 روپے والی کاپی 55ہزار روپے جبکہ ایک ہزارروپے کے کرنسی نوٹ کی کاپی ایک لاکھ 10 ہزار روپے میں فروخت ہورہی ہے ۔ شہریوں محمد منیب، محمد روحان، عامر عباس، نیامت علی، افتخار علی، محمد وحید، وارث علی، ساحل، حسن خان، ندیم ظفر، سلیم احمد، نواز احمد ،عبدالجبار، شیخ ظفر، وسیم احمد ودیگر نے بتایا کہ شادیوں کے سیزن میں بینکوں کی جانب سے نئے کرنسی نوٹ نہ ملنے کے باعث مارکیٹ میں نئے کرنسی نوٹ ڈبل قیمت پرخریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ اسٹیٹ بینک کا عملہ نئے کرنسی نوٹ صارفین اور کمرشل بینکوں کو دینے کے بجائے ڈیلروں کو فروخت کر رہا ہے ۔