حافظ آباد:والد سے رقم بٹورنے کیلئے اغوا کا ڈرامہ بے نقاب
عثمان اچانک لاپتہ ، فون پر رہائی کے بد لے 5لاکھ روپے کا مطالبہ ،پولیس بازیاب کر لیا
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد کے محلہ تاجپورہ سے مبینہ طورپر تاوان کی خاطر سے اغوا ہونے والے نوجوان عثمان حیدر کوبازیاب کرلیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ نوجوان نے خود ہی اپنے باپ سے 5لاکھ روپے ہتھیانے کیلئے اغوا ہونے کا ڈرامہ رچایا۔ محلہ تاجپورہ کا رہائشی نوجوان عثمان حیدر اچانک غائب ہوگیااور بعدمیں اس نے باپ کو فون پر روتے ہوئے کہا کہ اسے اغوا کرلیا گیا ہے اور وہ رہائی کے بدلے 5لاکھ روپے تاوان مانگ رہے ہیں جس پرڈی پی او کامران حیدر نے آئی ٹی انچارج عامر اور ایس ایچ او سٹی رانا شہاب اکرم پر خصوصی ٹیم تشکیل دی تومذکورہ ٹیم نے انتہائی محنت سے نوجوان کا سراغ لگا کر اسے لاہور سے بازیاب کرلیا اور دوران تفتیش یہ انکشاف ہوا کہ نوجوان نے اغوا برائے تاوان کا خود ہی ڈرامہ رچایا تھا تاکہ وہ اپنے باپ سے پانچ لاکھ روپے بٹور سکے ۔