تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے منسلک کرنے کے اقدامات
گجرات کی اناج منڈیوں کوڈیجیٹل بنایا جائیگا ،پھل فروشوں کے ٹھیلے بھی منسلک ہونگے
گجرات (نامہ نگار )حکومتِ پنجاب کے معیشت کے فروغ کے ویژن کے تحت اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے گجرات میں کیش لیس کیو آر کوڈز کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈی سی نورالعین کی جانب سے مسلم بازار میں کیو آر کوڈز کے نظام کا افتتاح کیا گیا جس کا مقصد کاروباری سرگرمیوں کو جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے دوران ضلع بھر میں مختلف مرحلوں میں ڈیجیٹل ڈرائیوز منعقد کی جائیں گی جن کے ذریعے تقریباً 3 ہزار تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ڈیجیٹل آن بورڈنگ ڈرائیو کے تحت گجرات شہر میں تین روزہ ڈیجیٹل ڈرائیو، کھاریاں سٹی میں ایک روزہ اور لالہ موسیٰ میں ایک روزہ ڈیجیٹل ڈرائیو منعقد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ اور گجرات میں پھل فروشوں کے ٹھیلوں کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔منصوبے کے تحت گجرات اور لالہ موسیٰ کی اناج منڈیوں کو بھی ڈیجیٹل طور پر فعال بنایا جائیگا۔ جبکہ ماڈل بازار گجرات کی مکمل ڈیجیٹائزیشن بھی اس پروگرام کا حصہ ہے ۔