بھل صفائی نہ ہوسکی،نہروں کی بندش کا دورانیہ طویل، آبپاشی نہ ہونے سے فصلیں متاثر
گوجرانوالہ اور شیخوپورہ ریجن کی چھوٹی بڑی نہروں کو 26دسمبر سے 13جنوری تک بند کرنے کا حکم دیا گیاتھا،ٹینڈر جاری ، جلد صفائی شروع ہو گی :حکام ،نہروں سے ریت اور مٹی کی چوری
تتلے عالی(نامہ نگار )بھل صفائی کیلئے گوجرانوالہ اور شیخوپورہ ریجن نہروں کی بندش کا دورانیہ طویل ، بروقت آ بپاشی نہ ہونے سے فصلوں کو نقصان جبکہ ریت اورمٹی کی چوری عروج پر پہنچ گئی ۔ پنجاب حکومت کی ہدایت پر سالانہ بھل صفائی کیلئے گوجرانوالہ اور شیخوپورہ ریجن میں اپر چناب،گھمن والا مائنر،بوپڑا راجباہ ،سادھوکی راجباہ سمیت چھوٹی بڑی نہروں کو گزشتہ سال26دسمبر سے 13جنوری2026تک بند کرنے کا حکم دیا گیاتھا۔سالانہ بھل صفائی اور مرمت کیلئے ٹینڈرز کا اجرا نہ ہونے کے باعث کینال اور معدنیات کی مبینہ ملی بھگت سے اپر چناب سمیت مختلف نہروں سے ریت،مٹی،بھل نکال کر فروخت کی جا رہی ہے ۔ دوامی وغیر دوامی نہروں کی بندش سے کاشتکار گندم ،چارا،سبزیوں کی سیرابی کیلئے بجلی،ڈیزل پر ٹیوب ویل چلا کر مہنگی آبپاشی پر مجبور ہیں۔کینال حکام کا کہنا ہے کہ بھل صفائی کیلئے متعدد ٹینڈرز کا اجرا کر دیا گیا ہے اور جلد بھل صفائی کا آغاز ہوگا ۔ کاشتکاروں عبدالغفور گجر، رانا شبیر احمد نمبردار،چودھری خان گادی نے روزنامہ دنیاکو بتایا غیر دوامی نہریں 4ماہ سے بند ہیں جبکہ 30دن سے دوامی نہروں کی بندش سے کسان خوار ہوگیا ۔