آگ سے بچاؤ کے انتظامات ،عمارتوں کو2ہفتے کی ڈیڈ لائن

آگ  سے  بچاؤ  کے  انتظامات ،عمارتوں  کو2ہفتے  کی  ڈیڈ  لائن

مارکیٹوں، کمرشل و صنعتی عمارتوں، سکولوں اور ہائر رائز بلڈنگز کے داخلی اور خارجی راستے کلیئر رکھنا لازم ، عمارتوں میں ایکسٹرنل فائر ہائیڈرینٹس نصب کئے جائینگے

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع سیالکوٹ میں تمام مارکیٹوں، کمرشل و صنعتی عمارتوں، سکولوں اور ہائر رائز بلڈنگز کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا،فائر سیفٹی حفاظتی ضوابط مکمل کرنے کیلئے دو ہفتوں کی مہلت دے دی گئی جبکہ بلڈنگ سیفٹی ایکٹ اور بلڈنگ کوڈز 2022 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ،ضلع بھر میں تمام عمارتوں کے داخلی اور خارجی راستے کلیئر رکھنا لازم قرار دے دیا گیا ہے ۔ فیصلہ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی / ایمرجنسی بورڈ کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فائر آڈٹ، دو ہفتوں کے الٹی میٹم، جیو ٹیگڈ فائر ہائیڈرینٹس اور تجویز کردہ اضافی ہائیڈرینٹس کی تنصیب، نیز بلڈنگ کوڈز 2022 کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلع سیالکوٹ میں فائر ڈرلز کرائی جائیں گی اور حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق فائر سیفٹی کے تمام حفاظتی ضوابط مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی نشاندہی پر واسا/ میونسپل کارپوریشن / کمیٹیز اور ضلع کونسل جیو ٹیگڈ مقامات پر فائر ہائیڈرینٹس کی تنصیب یقینی بنائیں گے جبکہ دو ہفتوں کے اندر تمام عمارتوں میں ایکسٹرنل فائر ہائیڈرینٹس نصب کئے جائیں گے ۔ ریسکیو 1122 ضلع بھر میں اہم مقامات کی جیو ٹیگنگ کرے گا اور انسانی و عمارتی تحفظ کے لیے تمام صنعتی اداروں کے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں انسانی جان و مال کے تحفظ کیلئے عمارتی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں