شہر میں 116 اونچی عمارتیں ، صرف 6 میں فائر سیفٹی سسٹم
کچھ عمارتوں میں ہنگامی راستہ بھی موجود نہیں ،انتظامات کیلئے 10 دن کی مہلت
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں 116اونچی عمارتوں میں سے صرف 6میں مکمل فا ئر سیفٹی سسٹم موجود ہے ،باقی عمارتوں میں فائر سیفٹی سسٹم نا مکمل جبکہ کچھ عمارتوں میں ہنگامی صورت میں باہر نکلنے کا راستہ بھی موجود نہیں ،انتظامیہ نے تمام عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دن کی مہلت دیدی جس کے بعد انتظامات مکمل نہ کرنے والی عمارتوں کو سیل کر دیا جائے گا۔ گوجرانوالہ میں ضلعی انتظامیہ نے ہائی رائیزعمارتوں کا سرو ے مکمل کر لیا ،116عمارتیں جو 50فٹ سے اونچی ہیں انہیں بلند عمارت کہا گیا ہے جن میں سے صرف چھ عمارتوں میں مکمل فائیر سیفٹی سسٹم موجود ہے جبکہ باقی عمارتوں میں فائیر سیفٹی سسٹم نا مکمل ہے ،اندرون شہر بازار میں تنگ گلیوں میں بڑی بڑی عمارتیں بنی ہوئی ہیں جہاں لوگوں نے دکانیں بنا رکھی ہیں وہاں پر تو ہنگامی حالات سے نمٹنے کا سسٹم بالکل بھی موجود نہیں ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پہلے ان پلازوں کو سیل کیا گیا لیکن تاجروں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بلند وبالا عمارتوں میں فائر سیفٹی سسٹم مکمل نصب کریں گے جس پر پلازوں کو ڈی سیل کر کے 10دن کا وقت دیا گیا ہے ۔