کوڑا دان نہ رکھنے والوں کیخلاف آپریشن دکانیں بند
سیالکوٹ میں روڈس روڈ اور فتح گڑھ روڈ پر میونسپل کارپوریشن اور پیرا فورس کی کارروا ئی ،دکانیں سیل کرنے کے علاوہ ہزاروں روپے جرمانہ ،متعدد کو وار ننگ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن کے مطابق پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت ہر دکاندار کیلئے دکان کے سامنے کوڑا دان رکھنا لازم قرار دیدیا گیا ۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ زبیر وٹو نے روڈس روڈ اور فتح گڑھ روڈ پر کوڑا دان نہ رکھنے والے دکانداروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران بتایا کہ ہر دکاندار دکان کا ویسٹ کوڑا دان میں ڈالے گا اور یہ کوڑا ایس ڈبلیو ایم سی کے عملے کے سپرد کیا جائے گا جو مناسب طریقے سے ڈسپوز کریں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کوڑا دان نہ رکھنے کی صورت میں متعلقہ دکان کو سیل کیا جائے گا اور جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔چیف آفیسر نے مزید بتایا کہ آپریشن میں میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایس ڈبلیو ایم سی)اور پیرا فورس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔واضح ہدایات پر عمل نہ کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے 10 دکانوں کو سربمہر کر دیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اس کے علاوہ 80 دکانداروں کو وارننگ بھی جاری کی گئی۔