منڈیوں میں بولی کی سخت نگرانی کی جائے :وزیر محنت
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشا اﷲ بٹ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ضلع میں وزیر اعلی ٰمریم نواز شریف کے تاریخی رمضان نگہبان پیکیج کے تحت اے ٹی ایم کارڈز کی تقسیم کے عمل کو تیز کیا جائے ،
کارڈ کی ایکٹیویشن اور رقوم کی ترسیل تک ہر مرحلے میں شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے جبکہ اوپن مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے انتظامیہ متحرک ہو کر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے ۔یہ بات انہوں نے دفتر ڈپٹی کمشنر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں رمضان المبارک کے دوران کئے گے اقدامات کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ عباس ذوالقرنین سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر محمد منشا اﷲ بٹ نے کہا کہ منڈیوں میں بولی کے عمل کی سخت نگرانی کی جائے اور انتظامی افسران ذاتی طور پر موجود ہو کر بولی کے عمل کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ منڈی سے بازار تک اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے اور پرائس مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے ۔