سیالکوٹ:کالج وین ڈرائیورپر تشدد، طالبات کو ہراساں کیا گیا
خود پو لیس اہلکار کرکے وین کو زبردستی رکوایا ،شہریوں کا واقعہ پر اظہار تشویش
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سیالکوٹ کی طالبات کو لے کر جامکے چیمہ جانے والی کالج وین کو روک کر ڈرائیور پر تشدد کیا گیا جبکہ وین میں سوار طالبات کو ہراساں کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔یہ واقعہ تھانہ حاجی پورہ سیالکوٹ کی حدود میں پیش آیا، جہاں ایک شخص نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے جامکے چیمہ کی جانب جانے والی کالج وین کو زبردستی رکوایا۔ ملزم نے نہ صرف وین کے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ وین میں سوار طالبات کو بھی ہراساں کیا، جس سے طالبات میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ والدین اور سول سوسائٹی نے اس واقعے کو طالبات کے تحفظ پر سنگین سوالیہ نشان قرار دیا ہے ۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے ، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت ناقابلِ قبول ہے ۔