سیالکوٹ سے جعلی اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر گرفتار
ملک محسن بیرون ممالک میں ملازمتوں کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقوم بٹورتا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ایف آئی اے سیالکوٹ کی کارروائی،جعلی اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر اور غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث ایجنٹ کو گرفتارکرلیا۔ ایف آئی اے کے انسپکٹر نوید احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سمبڑیال میں واقع ٹریننگ سینٹر پر چھاپہ مار کر ملزم ملک محسن کو گرفتار کر لیا، جو بغیر لائسنس غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث تھا۔ملزم فیس بک پیج کے ذریعے مختلف ممالک میں ملازمتوں کا جھانسہ دے کر سادہ لوح شہریوں سے بھاری رقوم بٹورتا تھا، قبضے سے پاسپورٹس، لیپ ٹاپ اور ویزہ دستاویزات برآمد کر لی گئیں۔گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بن اشرف کا واضح پیغام ہے کہ انسانی سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔