علی پور چٹھہ :محدود مقدار میں پٹرول ملنے پر شہریوں کا احتجاج

علی پور چٹھہ :محدود مقدار میں پٹرول ملنے پر شہریوں کا احتجاج

موٹر سائیکل کو صرف 200، گاڑیوں کو 2ہزار روپے کا پٹرول دیا جا رہا :متاثرین

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )پٹرول پمپ مالکان کی جانب سے شہریوں کو مبینہ طور پر کم مقدار میں پٹرول فروخت کرنے کیخلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپس پر موٹرسائیکل سواروں کو صرف 200روپے جبکہ گاڑیوں کو 2 ہزار کا پٹرول دیا جا رہا ہے ۔علی پورچٹھہ اور گردونواح کے پٹرول پمپس پر شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے ،پمپ مالکان کی پالیسی پر احتجاج کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 55 روپے فی لٹر اضافہ ہونے کے بعد مالکان پہلے سے موجود سٹاک پر کئی گنا منافع کما چکے ہیں تاہم اس کے باوجود قیمتوں میں مزید اضافے کے انتظار میں پٹرول کی فروخت محدود کر دی ہے۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول پمپس مالکان موٹرسائیکلوں میں صرف 200روپے کا پٹرول ڈالنے پر بضد ہیں جبکہ گاڑیوں کو بھی 2 ہزار کا پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بعض پمپ مالکان مصنوعی قلت پیدا کر کے مزید منافع کمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شہریوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی خاموشی کے باعث پٹرول پمپس مالکان کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے جس کے نتیجے میں عام آدمی مشکلات کا شکار ہو رہا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں