ہسپتالوں میں مریضوں کی منتقلی ، بہتر کوآرڈینیشن پراجلاس
33زیر تعمیر ریسکیو سٹیشنز جلد مکمل :صوبائی وزیر ، یوم علی ؓ پرسکیورٹی کابھی جائزہ
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر صحت و ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق کی صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر انتظام ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کی منتقلی کیلئے بہتر کوآرڈینیشن پر اجلاس ہوا۔سیکرٹری صحت عظمت محمود ،سپیشل سیکرٹری آپریشنز نبیلہ عرفان ودیگرنے شرکت کی۔ایم ایس حضرات اورریسکیو افسر ویڈیو لنک پر اجلاس میں شریک ہوئے ۔صوبائی وزیر نے پیشنٹ کیئر کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، 33 نئے زیر تعمیر ریسکیو سٹیشنز کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا ریسکیو 1122 کیلئے جدید کمیونیکیشن آلات، انخلا کیلئے لینڈنگ کرافٹ، جیٹس اور بوٹ کیرئیر کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت یوم علی ؓکے سکیورٹی انتظامات بارے اہم اجلاس ہوا۔
سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا یوم علی ؓپر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جائینگے ۔ مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور مزارات پر اضافی نفری تعینات کی جائیگی۔ مقررین کسی بھی فرقے کیخلاف قابل اعتراض اور اشتعال انگیز تقاریر سے گریز کریں۔ پنجاب بھر میں اسلحہ رکھنے اور اسکی نمائش پر سختی سے پابندی ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق اداروں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت ہائی الرٹ رہیں گے ۔ عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سیکرٹری داخلہ نے اس موقع پر کہا ہے کہ یومِ شہادت حضرت علیؓ پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ کواڈ کاپٹرز کے ذریعے مرکزی جلوسوں کی فضائی نگرانی کی جائیگی۔