پاکستان خطے میں امن کیلئے کردار ادا کرے :اپوزیشن جماعتیں
پٹرول مہنگاکرناعوام کامعاشی قتل، بیڈ گورننس پرمہنگائی کا طوفان :معین ریاض
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اسرائیل اور امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کرتی ہیں اور خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے ۔ لاہور پریس کلب میں ارکان پنجاب اسمبلی امتیاز وڑائچ، فرخ جاوید مون، ہارون اکبر اور حنبل ثنا کریمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے انہوں نے کہا آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر رہنماؤں کو نشانہ بنانے اور شہری تنصیبات پر حملوں کی سخت ا مذمت کرتے ہیں۔ تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں ہمیشہ خطے میں امن کے حق میں آواز بلند کرتی آئی ہے اور حکومت پر زور دیا جائے گا کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا پٹرولیم قیمتوں میں 55 روپے اضافہ غریب عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے ۔ فارم 47 کی حکومت نااہلی سے معاملات چلا رہی ہے اور بیڈ گورننس سے مہنگائی کا طوفان آ چکا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں غربت کی شرح 43 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ بے روزگاری 21 سال کی بلند ترین سطح پر ہے ۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے روس سے سستا تیل خریدنے کی بات کی تھی اور اگر بھارت اور یورپی ممالک روس سے تیل خرید سکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں، حکومت کو اس معاملے پر اپنی سفارتی ناکامی تسلیم کرنا ہوگی۔