میونسپل حدود میں 540دکانوں کے کرایہ میں اضافہ نہ ہوسکا
رینٹ کلرک اور دیگر ملازمین کی ملی بھگت سے دکانداروں نے عدالت سے رجوع کرلیا
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن کی حدود میں20سے زائد تجارتی مراکز کی540 دکانوں کے کرایوں میں اضافہ اور ری اسیسمنٹ پر5سال بعد بھی عمل درآمد نہ ہوسکا،اسیسمنٹ کمیٹی کے نئی تجویز کردہ نئے کرایہ جات پر عمل درآمد کے حوالے سے فیصلے کئے گئے لیکن میونسپل کارپوریشن کے رینٹ کلرک اور دیگر ملازمین کی ملی بھگت سے دکانداروں کی اکثریت نے عدالت سے رجوع کرلیا ،ماضی میں بھی ضلعی انتظامیہ اور کارپوریشن کی جانب سے نئے ری اسیسمنٹ کرایہ جات کے خلاف گوجرانوالہ کے دکانداروں نے عدالت میں رٹ پٹیشن دائر کی عدالتی حکم پر سیکرٹری بلدیات نے گوجرانوالہ میں کارپوریشن کی ملکیت تمام مراکز ،تجارتی مارکیٹوں کا ریکارڈ طلب کرلیاتھا لیکن ماہانہ کرایہ جات میں اضافہ کا معاملہ دفن کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن میں حالیہ کرپشن ،بدعنوانی کے سکینڈل کے بعد سرکاری دکانوں ،عمارتوں کے سالانہ کروڑوں روپے کرایہ جات خورد برد کرنے کے معاملہ کی تحقیقات کا دائرہ ایک بار پھر وسیع کردیا گیا، لیز پر دی جانیوالی سینکڑوں سرکاری دوکانات ’عمارات کے سالانہ کروڑوں روپے کرایہ جات کی خورد برد میں مبینہ طور پر افسروں اور بلدیاتی نمائندوں کے خلاف ریکارڈ طلب کیا گیا۔ کارپوریشن کی ملکیتی اڈا گوندلانوالہ چوک ، خاکوانی مارکیٹ ،ریل بازار اوردیگر تجارتی مراکز میں540 دکانیں عرصہ دراز سے سستے داموں لیز پر دی گئی ہیں جس کی ری اسیسمنٹ کے باوجود ازسر نو لیز نہ کی جاسکی ۔