یوم شہادت حضرت علیؓ، ڈی سی کا جلوس کے روٹ کا معائنہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے یوم شہادت حضرت علی ؓکے سلسلہ میں نکالے جانے والے جلوس کے روٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر ، ڈی ایس پی اسپیشل برانچ شیخ الیاس، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو اور متعلقہ افسر و عملہ بھی ہمراہ تھا۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے مرکزی امام بارگاہ اڈہ پسرورویاں سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور جلوس کے انتظامات، سہولیات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حسب روایت ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ جلوس کے روٹس سے ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ جلوس کے روٹ پر پیچ ورک، صفائی ستھرائی اور سٹریٹ لائٹس کی فراہمی کے ساتھ بیک اپ جنریٹرز کا بھی انتظام کیا جائے گا تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے جلوس کے روٹس پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں گے جبکہ روٹ پر موجود ملبہ اور ترپالیں بھی فوری طور پر ہٹا دی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامات کی نگرانی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو یقینی بنانے کیلئے جلوس کے روٹ پر عارضی دفتر بھی قائم کیا جائے گا۔