ڈپٹی کمشنر کا پنڈی بھٹیاں میں سیوریج منصوبے کا جائزہ
تعمیراتی سائٹس پر سیفٹی کے خاص انتظامات کیے جائیں:ڈی سی عبد الرزاق
پنڈی بھٹیاں ،حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا ،ڈپٹی کمشنر نے شہر میں جاری سیوریج پراجیکٹ،ٹی ایچ کیو ہسپتال اور سپورٹس جمنازیم کا دورہ کیا،ایم پی اے میاں عون انتصار بھٹی،اسسٹنٹ کمشنر محسن ڈھلوں بھی ساتھ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے پنڈی بھٹیاں شہر میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سیوریج اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پراجیکٹ سائٹ کے دورہ کے موقع پر تعمیراتی کام اور سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسر وں اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو کوالٹی کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور اس دوران تعمیراتی سائٹس پر سیفٹی کے خاص انتظامات کیے جائیں ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایمر جنسی،میڈیسن سٹور، اور دیگر شبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات،مفت ادویات کی فراہمی،صفائی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل سپورٹس جمنازیم کا دورہ کرتے ہوئے وہاں بیڈ منٹن،باسکٹ بال اور دیگر انڈور کھیلوں کی سہولیات،فٹنس/جم کلب میں جدید مشینری و سہولیات کی دستیابی اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کا جائز ہ لیا ۔