بلدیاتی الیکشن،ن لیگی ارکان اسمبلی رشتہ داروں پر مہربان

بلدیاتی الیکشن،ن لیگی ارکان اسمبلی رشتہ داروں پر مہربان

گوجرانوالہ(عثمان مہر )بلدیاتی انتخابات سے قبل ہی گوجرانوالہ میں مسلم لیگ ن کے بعض ارکان اسمبلی قریبی رشتے داروں کو الیکشن جتوانے کے اعلانات کرنے لگے اور نجی محفلوں میں میئر نامزد کرنے لگے جبکہ۔۔۔

مسلم لیگ ن کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری توفیق بٹ نے ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں کو نوازنے کے بجائے کارکنوں کو بلدیاتی سیاست میں اتارنے کی حمایت کردی، بلدیاتی سیاست کے انتخابی میدان سجنے سے قبل ہی مسلم لیگ ن کے مقامی دھڑے متحرک تو ہوگئے لیکن سیاسی حلقوں کے مطابق اگر مسلم لیگ ن کے مقامی دھڑے اور ارکان اسمبلی ماضی کی طرح اس بار بھی بلدیاتی الیکشن میں کارکنوں کی حق تلفی کرتے ہوئے بھائیوں اور بیٹوں کو ترجیح دیں گے تو سال 2024 کے عام انتخابات سے بھی زیادہ ن لیگ کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس کا فائدہ تحریک انصاف حاصل کرسکتی ہے ۔ مسلم لیگ ن گزشتہ دو عام انتخابات میں گوجرانوالہ سے کلین سویپ کرچکی تھی تاہم پنجاب حکومت کی طرف سے بلدیاتی اداروں کی نئی حلقہ بندیاں کرکے میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کو 3 میونسپل ٹائون میں تقسیم کیا گیا جس پر مقامی سیاستدان بظاہر خوش نظر آرہے ہیں کیونکہ شہر کے تینوں ٹائون میں الگ الگ میئر ہوگا جس کیلئے مقامی لیگی ارکان اسمبلی نے وقت سے قبل ہی بلدیاتی الیکشن کے اعلان شروع کردئیے ۔پہلی مرتبہ ایم پی اے بننے والے عمر فاروق ڈار تو چھوٹے بھائی کو پارٹی مشاورت کے بغیرمیئر بھی نامزد کرچکے اور ہر تقریب کو انتخابی مہم کا حصہ بنانے لگے جس پر مقامی سیاستدان حیران ہیں ، اس کے علا و ہ دوسرے لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کے بھائی سلمان خالد پومی بٹ کی بھی بلدیاتی سیاست میں حصہ لینے کی اطلاعات ہیں جو مسلم لیگ ن کے سٹی صدر بھی ہیں اور میونسپل ٹائون کے میئر بننے کے خواہاں ہیں،

تیسرے ٹائون میونسپل کیلئے مسلم لیگ ن کے ہی سابق ایم این اے عثمان ابراہیم بھی اپنے بھائی اسلم ابراہیم اور ایم پی اے نواز چوہان بھی بیٹے عمر چوہان کو میئر دیکھنا چاہتے ہیں جس پر ن لیگی کارکنوں میں نہ صرف تشویش پائی جارہی بلکہ کارکن حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کرنے لگے کہ بلدیاتی انتخابات کر انے کا فیصلہ بھی نہیں ہوا لیکن ارکان اسمبلی اپنے بیٹے بھائیوں اور قریبی رشتے داروں کو نوازنے کے خواب دیکھنے لگے ۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن گوجرانوالہ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری وسابق ایم پی اے توفیق بٹ نے کہا کہ کسی بھی رکن اسمبلی کے قریبی رشتے دار کو بلدیاتی سیاست میں نوازا نہیں جائے گا ،پارٹی ٹکٹوں کیلئے کارکنوں کے ناموں کی فہرست اعلیٰ قیادت کو بھیجی جائے گی، بلدیاتی سیاست سے لاعلم لوگ الیکشن کے دعوے کررہے ہیں کسی بھی میونسپل ٹائون کا میئر بننے سے قبل ہائوس کا ممبر بننا ہوگا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں