پو لیس مقابلوں کے دوران 7ملزم زخمی حالت میں گر فتار
سول لائن ،فیروزوالہ ،سیٹلائٹ ٹائون ، سبزی منڈی ، کوتوالی میں مقابلے
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)مختلف علاقوں میں مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران 7 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش صہیب عرف ببلو کو ناکہ سے فرار ہوتے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جس سے 6 کلو گرام چرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ تھانہ فیروزوالہ پولیس نے اسلحہ کے زور پر مویشی چھیننے کے مقدمہ میں مطلوب ملزم عمران کو بھی ناکہ بندی کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، ملزم سے ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔تھانہ سٹیلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں منشیات فروش ثاقب جاوید پولیس سے بچنے کی کوشش میں دیوار سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا، ملزم سے 1500 گرام چرس اور بغیر نمبر موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ اسی طرح تھانہ سبزی منڈی پولیس نے منشیات فروش ذیشان عرف کاکا کو بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی ہونے کے بعد گرفتار کیا جس سے 540 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ساتھی فرار ہو گیا۔تھانہ کوتوالی پولیس نے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش صوفی جنید کو ناکہ سے فرار کے دوران ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر زخمی حالت میں گرفتار کیا، اس سے 1340گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ تھانہ فیروزوالہ پولیس نے دو مختلف کارروائیوں میں منشیات فروش محمد ابرار اور وقار عرف وکی کو بھی زخمی حالت میں گرفتار کیا، جن سے چرس برآمد ہوئی جبکہ ساتھی فرار ہو گئے ۔