علامہ اقبال ہسپتال میں نئے ٹاور کی منظوری‘ 500 ملین مختص
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی نگرانی میں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کے نئے ٹاور کیلئے 500ملین روپے مختص کر دیے گئے ہیں۔
ٹینڈر مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ نئے ٹاور کا منصوبہ دو سال میں فاسٹ ٹریک پر مکمل کیا جائے گا اور اس میں 300بستروں کی سہولت مہیا کی جائیگی۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال کے ایمرجنسی، گائنی او پی ڈی، ریڈیالوجی اور آئی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں و لواحقین سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ہسپتال میں صفائی کے انتظامات میں بہتری کی ہدایت بھی دی گئی۔عظمت محمود نے ہدایت کی کہ مریضوں کے رش کو منظم کرنے کے لیے جامع پالیسی بنائی جائے اور سٹروک انجکشن کی مستقل دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ہسپتال میں کیتھ لیب کے قیام کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔ تمام وارڈز پر انچارج اور ڈیوٹی ڈاکٹر کے نام نمایاں آویزاں کرنے اور انتظار گاہوں کی صفائی اور موزوں درجہ حرارت یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔