ڈپٹی کمشنر کے شہر بھر کے دورے ،صفائی ،ترقیاتی منصوبوں اور چلڈرن ہسپتال میں بہتری کے احکامات
سڑکوں کے کنارے جمع گندگی کے ڈھیروں پر برہمی کا اظہار ،صفائی مزید بہتر بنانے کی ہدایت ، جاری مختلف تعمیراتی اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا بھی جائزہ، نوید احمد چلڈرن ہسپتال بھی گئے ،مختلف شعبہ جات کامعائنہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر و چیئرمین گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نوید احمد نے علی الصبح شیخوپورہ روڈ اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف شاہراہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں جاری صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران سڑکوں کے کنارے جمع گندگی کے ڈھیروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ گلیوں، بازاروں اور محلوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور نالیوں کی باقاعدہ ڈی سلٹنگ یقینی بنائی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شیخوپورہ روڈ، کوہلو والا اور دیگر دیہی علاقوں کا بھی دورہ کیا جہاں صفائی کی مجموعی صورتحال کا ازخود جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پیٹرولیم مصنوعات کے دستیاب سٹاک کو بھی چیک کیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ صارفین کو مقررہ قیمتوں پر بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ دوسری جانب انہوں نے شہر بھر میں جاری مختلف تعمیراتی اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر روڈ پر متعلقہ حکام کو منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن کا معائنہ کرتے ہوئے ٹف ٹائلز اور کنکریٹ ورک کا جائزہ لیا۔انہوں نے کامونکی، موڑ ایمن آباد اور مین بازار کا بھی دورہ کیا ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے چلڈرن ہسپتال گوجرانوالہ کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، مختلف وارڈز اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔