بھٹو کی قربانی جمہوریت ‘ عوامی وقار کی آواز بن گئی :ظفر چٹھہ
ایٹمی پروگرام کے خالق کو اذیتیں دینے والوں کا آج کوئی نام لیوا نہیں :قاسم چیمہ
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پیپلز پارٹی نیویارک کے صدر ظفر چٹھہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عظیم اور دور اندیش لیڈر تھے جن کی قربانی پاکستان میں جمہوریت اور عوام کے وقار کی لازوال آواز بن گئی، شہید ذوالفقار علی بھٹو نہ صرف پاکستان کی سیاسی تاریخ میں مرکزی مقام رکھتے ہیں بلکہ پوری دنیا ان کی صلاحیتوں کی معترف تھی ، قائد عوام کی شہادت کسی آواز کا خاموش ہونا نہیں بلکہ ایک قوم کے ضمیر کی بیداری تھی۔ ظفر چٹھہ نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو شہید نے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کیا اور عوام کو حقیقی معنوں میں اقتدار کا سرچشمہ بنایا، شہید بھٹو کی سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما قاسم اعجاز چیمہ نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو عالم اسلام کے نڈر اور بڑے لیڈر تھے جنہوں نے پوری امت کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا وہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے خالق ہیں ،ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت پاکستان میں جمہوریت کی ضامن بن گئی جن قوتوں نے انہیں ناحق اذیتیں دی ان کا آج کوئی نام لیوا بھی نہیں جبکہ پوری دنیا میں لوگ بھٹو خاندان سے پیارکرتے ہیں۔