میٹرو ٹرین منصوبہ :تبدیل شدہ ڈیزائن پرعملدرآمدشروع
شیرانوالا باغ تا گوندالانوالا اڈہ دونوں اطراف 8 فٹ تک عمارتیں گرانے کا فیصلہ
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت کی زیر نگرانی گوجرانوالہ کے میگاپراجیکٹ ماس ٹرانزٹ سسٹم میٹرو ٹرین کے تبدیل شدہ ڈیزائن پر عملدرآمدشروع، اندرون شہر گوجرانوالا میٹرو سروس کو زیر زمین ٹنل سے گزارنے کیلئے نشاندہی کردی گئی۔ شیرانوالا باغ تا گوندالانوالا اڈہ تک جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف 8 فٹ تک کچھ سرکاری عمارتیں، پرائیوٹ کمرشل پلازے اور اہم عمارتیں گرانے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ ٹنل بنانے کے بعد عمارتوں کو دوبارہ تعمیر کیا جا سکے گا یا مالکان کو پراپرٹی ڈیمج کی ادائیگی کی جائیگی جس پر مالکان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ حکومت نے گوجرانوالہ کے ڈیزائن پلان میں تبدیلی کرکے میٹرو ٹرین کیلئے دو ٹنل بنانے کی منظوری دی تھی ایک اندرون شہر فلائی اوور کے نیچے اور دوسری جناح انٹرچینج فلائی اوور سے گزاری جائیگی،ترقیاتی اداروں اور کمپنیوں نے مشاورت سے تعمیراتی کام کا آغاز کردیاگیا، اندرون شہر جی ٹی روڈ کی پیمائش کو پورا کرنے کیلئے کمرشل عمارتوں اور سرکاری عمارتوں کو فرنٹ سے توڑنے کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔