جرائم میں کمی ، واداتوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کااعادہ
آرپی او کی زیر صدارت اجلاس ،سنگین جرائم کے مقدمات میں پیش رفت کا جائزہ
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ کی زیر صدارت تیسری ریجنل کمانڈ کانفرنس، ریجن بھر کی کرائم صورتحال اور تفتیشی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ،کانفرنس میں سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر غیاث گل ، ڈی پی او گجرات اختر فاروق،ڈی پی او نارووال نوید ملک،ڈی پی او حافظ آباد کامران حمید،ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد اور ڈی پی او منڈی بہا ئوالدین کامران عامرخان نے شرکت کی۔آر پی او آفس کی جانب سے کرائم ٹرینڈز، زیر التوا شکایات، سی ایم ایس ٹائم لائنز، سنگین جرائم کی چالاننگ، گرفتاریوں اور ریکوری کے تناسب پر بریفنگ دی گئی جبکہ قتل، اغوا برائے تاوان، زیادتی، ڈکیتی، راہزنی، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی چوری و چھیننے کے مقدمات سمیت حساس کیسز میں پیش رفت کا جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ رواں سال جنوری تا اپریل کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں گوجرانوالہ ریجن میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
آر پی او خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، مؤثر حکمت عملی اور بہتر تفتیشی نظام کے ذریعے کرائم کنٹرول اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ جبکہ آئندہ ماہ کیلئے تمام اضلاع کو موٹرسائیکل چوری کی روک تھام، منشیات کے خلاف مزید فعال مہم اور عیدالاضحیٰ و محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے خصوصی ٹاسک بھی سونپے گئے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ بچیوں کے حوالے سے ہراسگی کے واقعات پولیس کی ریڈ لائن ہیں۔