بیشتر تعلیمی اداروں میں طلبہ صاف پانی سے محروم
مضر صحت آلودہ پانی پینے کے باعث طلبہ مہلک امرض میں مبتلا ہونے لگے
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)موسم گرما کی شدت میں اضافے کے باوجود بیشتر تعلیمی اداروں میں طلبہ صاف پانی سے محروم، مضر صحت آلودہ پانی پینے کے باعث طلبہ مہلک امرض میں مبتلا ہونے لگے ، رواں سال محکمہ صحت نے تعلیمی اداروں سے پانی کے نمونے لے کر ٹیسٹ کئے تھے ،جہاں ٹیسٹ کے دوران پانی گندا اور بدبو دار ہونے پر سکولوں کے سربراہ اور ایجوکیشن اتھارٹی کو واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کی ہدایت کی تھی لیکن تاحال حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث منظوری نہیں مل سکی، پنجاب حکومت کی جانب سے ہر سال تعلیمی اداروں کی تعمیر و مرمت کیلئے سالانہ کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کئے جاتے ہیں اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کے منصوبے کو نظراندازکر دیا جاتا ہے
جس پر منصوبہ فائلوں میں دفن ہوکر رہ گیا ، صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے والدین کا اعتمادبحال نہ ہو سکا فنڈز جاری نہ ہونے پر درجنوں تعلیمی اداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت انتظام کرنا شروع کر دیا تعلیمی اداروں میں فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب نہ ہونے پر طلبہ آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں جس پر بیمار ہونے کی وجہ سے غیر حاضری میں اضافہ ہو رہا ہے ۔