غیر قانونی کار شو رومز کیخلاف کارروائیاں بڑھانے کا فیصلہ
ڈی سی سی کا اجلاس، ریڑھیوں کی روڈز سے مخصوص بازاروں میں منتقلی، سروس روڈز، جی ٹی روڈ پر قائم ناجائز کار شو رومز ہٹانے ، آگاہی مہم کووسعت دینے کابھی فیصلہ
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا ماہانہ جائزہ اجلاس، چیئرمین ڈی سی سی ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد اور چیئرمین کرنل عبدالستار نے صدارت کی۔ پی ایچ اے ، تعلیم، ہیلتھ ، ماحولیات، ایف بی آر، کسٹم، ٹریفک پولیس، موٹروے پولیس، ہائی ویز پولیس، چیف آفیسز میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز، سول ڈیفنس، گیپکو، انڈسٹریز، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سمیت دیگر محکموں کے نمائندہ افسروں نے فورم کو ماہانہ کارروائیوں پربریفنگ دی۔ اجلاس میں ٹریفک قوانین کے نفاذ، لائسنس اجرا، گیس ریفلنگ گیس ایجنسیوں، بھکاریوں کیخلاف کریک ڈائون، اوور لوڈڈ گاڑیوں اوربجلی چوروں کیخلاف جاری کارروائیوں کابھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر محکمہ ایکسائز کی طرف سے پراپرٹی ٹیکس، ایکسائز ڈیوٹی، پروفیشنل ٹیکس، ٹیکس آن ہائی ویز، موٹر ٹیکس، لگژری گھروں پرعائد ٹیکس کی ریکوری، مدارس رجسٹریشن، تجاوزات خاتمے کیلئے جاری آپریشن، ریڑھیوں کی روڈز سے مخصوص ریڑھی بازاروں میں منتقلی، سروس روڈز، جی ٹی روڈ پر قائم غیرقانونی کار شو رومز کیخلاف کارروائیوں کا دائرہ کار مزید بڑھانے سمیت رکشوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں غیرقانونی ایل پی جی گیس سلنڈرز کے استعمال کی روک تھام سے قبل جاری آگاہی مہم بڑھانے کیلئے بورڈز آویزاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے اس فورم کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے واضح اہداف مقرر کریں، بنیادی ڈیٹا کے ساتھ کارکردگی رپورٹ مرتب کریں اور آئندہ اجلاس میں طے شدہ اہداف کے حصول بارے پیشرفت سے آگاہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور کرنل عبدالستار نے خطاب میں کہا بھکاریوں کو کرایہ پر جگہ دینے والوں اور انکی سہولت کاری پربھی سخت قانونی کارروائی کی جائیگی، اوور لوڈنگ گاڑیوں، ٹرکوں، ڈمپرز، رکشوں کو موقع پر آف لوڈ کرکے مقدمات درج کئے جائینگے ۔ ہم سب ایک ٹیم ہیں اور ہمارا مشترکہ مقصد عوام کی فلاح و بہبود اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔