نئی سیوریج لائنز کیلئے کھدائی ‘واسا کی سنگین غفلت سامنے آگئی

نئی سیوریج لائنز کیلئے کھدائی ‘واسا کی سنگین غفلت سامنے آگئی

لاپرواہی سے حافظ آباد روڈ پرگیس پائپ لائن4مقامات پرمتاثر ،سپلائی متاثر

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)حافظ آباد روڈ پر واسا کی جانب سے نئی سیوریج لائنوں کیلئے کی جانے والی کھدائی کے دوران سنگین غفلت سامنے آگئی۔ ٹھیکیدار کی لاپرواہی سے سوئی گیس کی مرکزی پائپ لائن چار مقامات سے بری طرح متاثر ہونے سے شہریوں کو گیس فراہمی معطل ہو گئی تھی جبکہ واسا کی واٹرسپلائی لائن بھی ٹوٹنے سے پانی گیس پائپ لائنوں میں داخل ہو گیا، واسا کے ٹھیکیدار نے اپنی نااہلی اور غفلت چھپانے کیلئے متاثرہ پائپ لائن کی مرمت کرانے کی بجائے اس پر مٹی ڈال کر معاملہ دبانے کی کوشش کی۔ پانی گیس پائپ لائنوں میں داخل ہو نے پر گیس سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ،سوئی گیس عملے نے انتھک محنت اور طویل تگ و دو کے بعد ان چاروں مقامات کی نشاندہی کی جہاں پائپ لائن کو نقصان پہنچا تھا۔ تکنیکی ٹیموں نے پہلے پائپ لائن میں داخل ہونے والا پانی نکالا اور بعد ازاں ہنگامی بنیادوں پر مرمتی کام مکمل کر کے صارفین کیلئے گیس فراہمی کو بحال کیا۔جی ایم سوئی گیس عمران الطاف ساہی کا کہنا ہے کہ واسا انتظامیہ نے سخت غفلت کا مظاہر ہ کیا قانون کے مطابق کھدائی کے کام سے قبل سوئی گیس حکام کو پیشگی اطلاع دینا لازمی تھا۔انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر آئندہ بغیر اطلاع کھدائی کی گئی تو واسا حکام کیخلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں