گلگت بلتستان میں پی ٹی آ ئی کامیاب ہو گی :ریحانہ ڈار
8فروری کی انتخابی دھاندلی کو دہرانے نہیں دیا جائے گا:رہنما پی ٹی آ ئی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ 7 جون کو تحریک انصاف گلگت بلتستان میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ گلگت بلتستان میں 7 جون کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی یقینی ہے ،عملی طور پر تحریک انصاف گلگت بلتستان الیکشن جیت چکی ہے دیگر جماعتوں کے برعکس تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان میں عوام نے الیکشن سے پہلے عمران خان کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی رہنما عمر ڈار کے ہمرا ہ گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما ریحانہ امتیاز ڈار نے مرکزی رہنما عمر ڈار نے چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان سے ملاقات کی۔ ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان قید میں ہونے کے باوجود دیگر جماعتوں کے اعصاب پر چھائے ہوئے ہیں۔ پارٹی اپنے ووٹ اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر رہی ہے اور تمام امیدواروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔ انہوں نے کہ اس بار فارم 45 کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور 8 فروری کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کیساتھ ہونے والی انتخابی دھاندلی کو دہرانے نہیں دیا جائے گا۔ 8 فروری کو پاکستان تحریک انصاف سے عوامی مینڈیٹ چھینا گیا اور اسے وفاق و پنجاب میں واضح اکثریت ہونے کے باوجود فارم 47 کے زریعے حکومت بنانے کے جائز حق سے محروم کیا گیا۔ مرکزی رہنما عمر ڈار نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو ’لیول پلیئنگ فیلڈ‘ فراہم نہیں کی جا رہی، ان تمام ہتھکنڈوں کے باوجود تحریک انصاف گلگت بلتستان میں کلین سویپ کرے گی اور اپنی حکومت قائم کرے گی۔