گجرات میں بھی ایئر ایمبو لینس سروس کا آ غاز کر دیا :شافع
مون سون سے قبل گجرات کے سیوریج مسائل پرقابو پالیاجائے گا:صوبائی وزیر
گجرات (نامہ نگار، سٹی رپورٹر )صوبائی وزیر صنعت و تجارت و جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب شافع حسین سے مسلم لیگ سینئر نائب صدر پنجاب اظہر وڑائچ ، مسلم لیگ صدر وہاڑی بورے والا صدیق یوسف ،عظیم نیازی ، محمد عمران نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی امور عوامی مسائل سمیت دیگربارے تبادلہ خیالات کیاگیا، صوبائی وزیر شافع حسین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال سے رحیم یار خان میں ائیرپورٹ جو بند پڑا ہوا ہے اس معاملے پر میں نے وفاقی وزیر خواجہ آصف سے بات کی جلد ایئرپورٹ کو فعال کر دیا جائے گا جس سے رحیم یار خان فری زون انڈسٹریل سٹیٹ میں پہنچنے کیلئے آسانی ہو جائے گی، شافع حسین نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میری درخواست پر گجرات کے عوام کیلئے گجرات ایئر پورٹ سے ایئر ایمبولنس کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے جس سے ایمرجنسی میں مریض کو گجرات سے کسی دوسرے شہر منتقل کر دیا جائے گااوریہ گجرات کے عوا م کیلئے بڑا ریلیف ثابت ہوگا، انہوں نے کہاکہ گجرات میں میگامعیاری دیرپا تعمیراتی کام تیزی سے پایہ تکمیل کوپہنچ رہے ہیں مون سون سے قبل گجرات کے گھمبیرسیوریج مسائل پرقابو پالیاجائے گا ۔شافع حسین نے کہاکہ سروس موڑ فلائی اوورتعمیرسے ٹریفک مسائل حل ہوچکے ہیں اس کے ساتھ دیگرعوامی مسائل کے حل کیلئے بھی بلاتفریق وامتیازاقدامات کیے جارہے ہیں۔