سکیو رٹی کیلئے تمام امام بارگاہوں میں پینک بٹن کی تنصیب
ہنگامی حالات میں لائیو چیٹ، ویڈیو کال اور ایمرجنسی رابطے کی سہولت ہوگی
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)سیف سٹی گوجرانوالہ نے محرم الحرام میں تمام امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے پینک بٹن کی تنصیب ، لائیو چیٹ، ویڈیو کال اور ایمرجنسی رابطے کی سہولت دستیاب کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ ایس ایس پی آپریشنز سیف سٹی عرفان الحق سلہریا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں اور عزاداروں کی سکیورٹی کو مزید مضبوط، مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے انقلابی ڈیجیٹل اقدام متعارف کر ایا جا رہا ہے۔
جس کے تحت پنجاب بھر کی امام بارگاہوں میں خصوصی کیو آر پینک بٹن نصب کئے جا رہے ہیں جن کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کی جا سکے گی،کیو آر کوڈ سکین کرنے کے فوری بعد صارف کے موبائل فون کی سکرین پر تین مختلف آپشنز ظاہر ہوں گے جن میں 15ایمرجنسی کال، لائیو چیٹ اور ویڈیو کال کی سہولیات شامل ہوں گی۔ ان میں سے کسی بھی آپشن کا انتخاب کرتے ہی صارف کا براہِ راست رابطہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کنٹرول روم سے قائم ہو جائے گا۔