گوجرانوالہ ریجن ،5ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں کمی

گوجرانوالہ ریجن ،5ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں کمی

ڈکیتی، راہزنی ، قتل ،نوسربازی ،گاڑیوں اور موٹر سائیکل چوری کی وار داتیں کم رپورٹ

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ کے احکامات کے پیش نظر ریجن پولیس گوجرانوالہ کی مؤثر حکمت عملی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، جدید پولیسنگ، مؤثر نگرانی اور بروقت کارروائیوں کے نتیجے میں رواں سال کے ابتدائی 5ماہ کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ سال 2025 میں ڈکیتی کے 65 مقدمات کے مقابلے میں 2026 میں صرف 8 مقدمات رپورٹ ہوئے جس سے 88 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ راہزنی کے مقدمات 7,438 سے کم ہو کر 1,685 رہے اور 77 فیصد کمی سامنے آئی جبکہ ڈکیتی معہ قتل کے مقدمات 9 سے کم ہو کر 3 رہ گئے اور 67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ دفعہ 394 کے تحت جرائم میں 71 فیصد اور دفعہ 382 کے تحت 43 فیصد کمی واقع ہوئی۔ جھپٹا اور نوسربازی کے واقعات 660 سے کم ہو کر 401 رہے اور 39 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں میں 95 فیصد کمی جبکہ موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات 1,298 سے کم ہو کر 295 رہ گئے اور 77 فیصد کمی سامنے آئی۔

کار چوری کے واقعات میں 69 فیصد کمی جبکہ موٹر سائیکل چوری کے مقدمات 7,677 سے کم ہو کر 3,471 رہے اور 55 فیصد کمی واقع ہوئی۔ اسی طرح نقب زنی کے مقدمات 1,851 سے کم ہو کر 661 رہ گئے اور 64 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر متفرق چوریوں کے مقدمات 14,578 سے کم ہو کر 12,065 رہے اور 17 فیصد کمی سامنے آئی۔ سال 2025 میں قتل کے 263 مقدمات کے مقابلے میں رواں سال 149 مقدمات رپورٹ ہوئے اور 43 فیصد کمی سامنے آئی جبکہ اندھے قتل کے مقدمات 84 سے کم ہو کر 34 رہ گئے اور 60 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ زیادتی کے مقدمات 204 سے کم ہو کر 177 رہے اور 13 فیصد کمی سامنے آئی، اجتماعی زیادتی کے مقدمات 137 سے کم ہو کر 110 رہے اور 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بچوں سے زیادتی، بدفعلی اور کمسن بچوں کے ساتھ جنسی جرائم کے مقدمات 255 سے کم ہو کر 230 رہے اور 10 فیصد کمی سامنے آئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں