مٹی،ریت چوری، نہروں کے پشتے کمزور،شگاف کا خدشہ
شہریوں نے مون سون سے قبل ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا مطالبہ کر دیا
تتلے عالی(نامہ نگار )مٹی،ریت کی چوری نہروں کے پشتے کمزور،پٹری برباد ہو گئی،مون سون میں شگاف کا خدشہ ،شہریوں نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا مطالبہ کر دیا ۔ محکمہ کینال ومعدنیات کے افسر وں کی مبینہ غفلت اور لاپروا ئی کے باعث گوجرانوالہ اور شیخوپورہ ریجن کی دوامی وغیر دوامی نہروں کی بندش کے دوران بااثر افراد کی جانب سے ہیوی مشینری سے ریت ،مٹی،بھل ٹریکٹر ٹرالیوں،ڈمپروں میں بھر کر فروخت کی جاتی ہے جبکہ شاہراہوں،نہروں کے قریب زرعی رقبہ مالکان کی جانب سے ہیوی مشینری کاا ستعمال کر کے 50/60فٹ تک گہرائی میں سے ریت،مٹی فروخت کی گئی ہے ،بعض مقامات پر نہروں کے کناروں کے اطراف پٹری بھی ہیوی مشینری سے اکھاڑ کر مٹی فروخت کی جا رہی ہے نہری املاک کو زرعی رقبہ میں شامل کیا جا رہا ہے۔
ریت وغیرہ کی فروخت سے نہروں،راجباہوں،مائنرز،ڈسٹری بیوٹری کے پشتے نہایت کمزور وغیر محفوظ ہوکررہ گئی ہیں۔مون سون کی بارشوں میں سیلابی صورتحال کے ساتھ نہروں ،راجباہوں،مائنرزمیں شگاف پڑنے سے بھاری نقصان کا خدشہ بھی لاحق رہنے لگا ہے ۔ مقامی زمینداروں،سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب نہری املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے اور نہروں راجباہوں اور ان کے قریبی زرعی رقبہ سے مٹی اور ریت کی فروخت پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔