حکمرانوں کو جمہوریت کے دعوے زیب نہیں دیتے :پی ٹی آئی
وہ دن دور نہیں جب عمران خان رہا ہوکر عوام کے درمیان ہونگے :میاں اعجاز جاوید
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تحریک انصاف کے سٹی صدر میاں اعجاز جاوید نے کہا ہے کہ کرپٹ حکمران ٹولے کے جمہوریت پسند ی کے دعوے کھوکھلے اور بے بنیا د ہیں ان سے ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کی توقع نہیں کی جاسکتی ،بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی ایک دن انصاف ضرور ملے گا وہ وقت دور نہیں جب وہ رہا ہو کر عوام کے درمیان ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں شان علی قمر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 24 کروڑ عوام کا ملک ہے جو جمہوریت پسند ہے جنہوں نے موجودہ جعلی حکومت کو تسلیم نہیں کیا اپنے جمہوری حقوق کے حصول کی جدوجہد کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کو اس وقت شدید ریاستی جبر کا سامنا ہے۔
محب وطن سیاسی جماعت کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ میاں اعجاز جاوید نے مزید کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری کے بغیر کوئی ریاست قائم نہیں رہ سکتی جمہوری اقدار کا جنازہ نکالنے والوں نے پاکستان کی پرواہ نہیں کی اور ملکی مستقبل داؤ پر لگایا عوام نے مینڈیٹ پی ٹی آئی کو دیا مگر جعلی حکومت ن لیگ اوراسکے حواریوں نے بنائی قوم نے پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کا حصہ بن کر جعلی حکومت کے خلاف علم جہاد بلند کررکھا ہے جعلی حکمران زیادہ دیر تک ایوان اقتدار پر براجمان نہیں رہ سکیں گے آئین پر عمل ہوگا تو خوشحالی ہوگی اور عوم کے حقو ق کا تحفظ ہوسکے گا ۔