نوشہرہ ہسپتال:بجلی بند، جنریٹر خراب،مریضوں کو مشکلات

 نوشہرہ ہسپتال:بجلی بند، جنریٹر خراب،مریضوں کو مشکلات

ڈاکٹرز اور طبی عملہ کو بھی فرائض کی انجام دہی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا

نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر )بجلی بند، جنریٹر خراب، ٹی ایچ کیو ہسپتال نوشہرہ ورکاں میں مریض اذیت میں مبتلا،طبی عملہ کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔بتایاگیا ہے کہ گزشتہ روز گیپکو کی جانب سے لوڈشیڈنگ کیلئے طویل دورانیے کے پرمٹ کے باعث تحصیل ہسپتال میں صبح سے بجلی کی فراہمی معطل رہی بجلی کی بندش کے دوران ہسپتال میں متبادل بجلی کی فراہمی کیلئے نصب جنریٹر بھی کئی گھنٹوں تک خراب رہا جس کے نتیجے میں ہسپتال کا معمول کا نظام شدید متاثر ہو کر رہ گیا،بجلی نہ ہونے کے باعث او پی ڈی، لیبارٹری، تشخیصی ٹیسٹوں اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہوئی۔

جبکہ شدید گرمی کے باعث مریضوں اور لواحقین کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑادور دراز علاقوں سے آنے والے مریض کئی گھنٹے انتظار کرتے رہے جبکہ متعدد طبی امور تعطل کا شکار رہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی اور جنریٹر دونوں کی بندش کے باعث ڈاکٹرز اور طبی عملہ کو بھی فرائض کی انجام دہی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ مریضوں اور لواحقین نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متبادل بجلی کا مؤثر نظام ہر وقت یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں