نعمان راشد میر پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے ڈائریکٹر مقرر
رومانیہ یورپی منڈیوں تک رسائی کا اہم دروازہ ،بے شمار تجارتی مواقع: فائق کلیم
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)نعمان راشد میر کو پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کا ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل آفس لاہور میں منعقدہ پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے پہلے اجلاس میں ممتاز کاروباری شخصیت نعمان راشد میر کو پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کا ڈائریکٹر مقرر کرنے کی باقاعدہ منظوری دیدی گئی۔ اجلاس کے شرکا نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نعمان راشد میر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، بین الاقوامی کاروباری روابط اور وسیع تجربے کی بدولت پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرینگے ۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پاکستان رومانیہ بزنس کونسل خواجہ فائق کلیم نے کی جبکہ پاکستان کے رومانیہ میں سفیر الیاس محمود نظامی، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق محمود جدون، کونسل کے اراکین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔خواجہ فائق کلیم نے کہا کہ رومانیہ یورپی منڈیوں تک رسائی کا ایک اہم دروازہ ہے اور پاکستان کیلئے وہاں بے شمار تجارتی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رومانیہ بزنس کونسل دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے فعال کردار ادا کریگی۔ اجلاس کے شرکا نے متفقہ طور پر ستمبر میں رومانیہ کیلئے اعلیٰ سطح تجارتی وفد بھیجنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔