وزیرآباد:گرین بسوں میں رش ،مسافر سٹاپوں پر خوار
وزیرآباد:گرین بسوں میں رش ،مسافر سٹاپوں پر خوار طلبہ، ملازمین، خواتین اور بزرگ بسوں کے انتظار میں کھڑے ہونے پر مجبور
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )گرین الیکٹرک بس سروس کے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ،گرین الیکٹرک بس سروس مقبول ہونے کے باوجود مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے مقابلے میں بسوں کی کمی اور بس سٹاپوں پر بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ روزانہ سینکڑوں شہری، طلبہ، ملازمین، خواتین اور بزرگ افراد بسوں کے انتظار میں طویل وقت گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ شدید گرمی کے موسم میں بس سٹاپوں پر سایہ دار جگہوں، پینے کے صاف پانی اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات نہ ہونے سے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گرین بس سروس نے سفری سہولتوں میں بہتری ضرور پیدا کی ہے لیکن موجودہ تعداد عوامی ضرورت کے مقابلے میں ناکافی ہے ۔ صبح اور شام کے اوقات میں بسیں مسافروں سے مکمل بھر جاتی ہیں جبکہ متعدد افراد کو اگلی بس کے انتظار میں کھڑا رہنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گرین الیکٹرک بسوں کی تعداد میں فوری اضافہ کیا جائے ، مصروف روٹس پر اضافی بسیں چلائی جائیں اور تمام بس سٹاپوں پر شیڈز، پنکھوں، پینے کے پانی اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات کئے جائیں۔