اتائیوں کیخلاف گھیرا تنگ‘ 16کیسز ڈرگ کورٹ ارسال

اتائیوں کیخلاف گھیرا تنگ‘ 16کیسز ڈرگ کورٹ ارسال

4کیسز میں وارننگ، اتائیت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی،ملک فاروق

رحیم یارخان(ڈسٹرکٹ رپورٹ )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب میڈیکل سٹور مالکان’ اتائیوں اور غیر قانونی ادویات کے کاروبار کے خلاف ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے بھجوائے گئے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے پیش کیے گئے مجموعی طور پر 23 کیسز زیر غور آئے ۔ تفصیلی جانچ پڑتال اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ نے 16 کیسز ڈرگ کورٹ بھجوانے کی منظوری دی تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے ، جبکہ 4 کیسز میں متعلقہ افراد کو وارننگ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآں 3 کیسز میں ڈرگ انسپکٹرز کو دوبارہ موقع کا معائنہ کرکے جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ حقائق کی روشنی میں آئندہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملک فاروق احمد نے کہا کہ شہریوں کو معیاری، محفوظ اور مستند ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی، غیر معیاری ادویات کی فروخت، ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی اور اتائیت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز، فارمیسیوں اور دیگر متعلقہ مراکز کی باقاعدگی سے انسپکشن جاری رکھی جائے ، قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...