وزیر آباد :گیس بلنگ ریکوری ڈیپارٹمنٹ غیر فعال، شہری خوار
ریکوری آفیسر ندیم بٹ کا گجرات تبادلہ ،نئی تعیناتی نہ ہونے سے انتظامی امور ٹھپ
وزیر آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ انتظامیہ کے ایک مبینہ فیصلے نے وزیر آباد کے گیس صارفین کو شدید مشکلات اور ذہنی کرب میں مبتلا کر دیا ۔ کسٹمر سروس سینٹر وزیر آباد بلنگ ریکوری ڈیپارٹمنٹ اچانک غیر فعال کر دیا گیا جس کے بعد گیس بلوں میں تصحیح، اقساط اور دیگر تکنیکی مسائل کے حل کیلئے آنے والے سائلین کو مشکلات درپیش ہیں ۔ گیس بلوں کی اقساط اور تصحیح کے حوالے سے آئے روز سوئی گیس دفتر آنے والے شہریوں کو اب وزیر آباد کے کسٹمر سروس سینٹر پر کوئی داد رسی نہیں مل رہی بلکہ عملے کی جانب سے سائلین کو بلا جھجک گوجرانوالہ ریجنل آفس جانے کا مشورہ دیا جا رہا ہے ۔ اس صورتحال نے شہریوں کے لیے نہ صرف سفری اخراجات میں اضافہ کر دیا بلکہ قیمتی وقت بھی ضائع ہو رہا ہے ۔وزیر آباد میں تعینات ریکوری آفیسر محمد ندیم بٹ کا تبادلہ گجرات کر دیا گیا جبکہ ان کی جگہ اب تک کسی نئے افسر کو وزیر آباد میں تعینات نہیں کیا گیا۔ کسی ذمہ دار افسر کی عدم موجودگی کی وجہ سے بلنگ اور ریکوری سے متعلق تمام امور مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئے ۔صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر آباد جیسے اہم شہر میں سوئی گیس کے بنیادی شعبے کو ختم کرنا سائلین کے ساتھ ناانصافی ہے ،شہریوں اور تجارتی تنظیموں نے سوئی گیس حکام اور اعلیٰ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر آباد کسٹمر سروس سینٹر میں بلنگ ریکوری ڈیپارٹمنٹ کو بحال کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments