وزیر آباد : بھاری ٹریفک سے سڑکوں پر گڑھے ، سفر محال
بارشوں کا پانی جمع ہونے سے حادثات کا خدشہ ، چند ماہ قبل تعمیر ہونیوالی سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، نکاسی آب کا نظام ناکارہ ،شہریوں کا فوری مرمت کا مطالبہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )احمد نگر روڈ سمیت اوور ہیڈ برج کے قریب سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے لگی جبکہ موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں اور دیگر شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ سڑکوں پر فوری طور پر پیچ ورک کروا کر گڑھے پر کئے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے اور حادثات کا خدشہ کم کیا جا سکے ۔شہریوں کے مطابق بارش کے دوران سڑکوں پر جمع ہونے والا پانی گڑھوں میں بھر جانے سے صورتحال مزید خطرناک ہو جاتی ہے اور ڈرائیوروں کو سڑک کی خستہ حالی کا اندازہ نہیں ہو پاتا۔
دوسری جانب چاند گاڑیوں اور رکشوں کی بڑھتی ہوئی تعداد بھی سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں اضافے کا باعث بن رہی ہے جبکہ بارش کے پانی سے گزرنے والی بھاری ٹریفک کے باعث سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل تعمیر و مرمت کئے جانے والے بعض روڈز کا دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا تعمیراتی معیار اور نکاسی آب کے نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ،میونسپل حکام اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی فوری مرمت کیساتھ ساتھ نکاسی آب کا مؤثر انتظام کیا جائے تاکہ بارش کے پانی سے سڑکوں کو پہنچنے والے نقصان کو روکا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولت میسر آ سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments